حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مراجعِ عظام کی سیرت اور افکار کا جائزہ ظاہر کرتا ہے کہ انہوں نے ایامِ فاطمیہ کو محض مجالسِ عزاء تک محدود نہیں رکھا بلکہ اس موقع کو دینی شعور، معرفتِ اہلِ بیت علیہم السلام اور ولایت کے دفاع کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا۔
آیت اللہ العظمیٰ گلپایگانی؛ عاشورائے فاطمی کی پیادہ روی کا احیاء
آیت اللہ العظمیٰ سید محمد رضا گلپایگانی ایامِ فاطمیہ کی مجالس کے انعقاد پر خصوصی توجہ دیتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ امام حسین علیہ السلام پر گریہ تولی ہے جبکہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مصائب پر گریہ تولی اور تبری دونوں کا مظہر ہے۔
انہوں نے قم میں عاشورائے فاطمی کے موقع پر پیادہ روی کی سنت کو زندہ کیا اور خود بھی حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے حرم تک پیدل تشریف لے جاتے تھے۔ بعد ازاں آیت اللہ العظمیٰ میرزا جواد تبریزی، فاضل لنکرانی، صافی گلپایگانی اور وحید خراسانی نے بھی اس سنت کو خصوصی اہتمام کے ساتھ جاری رکھا۔

آیت اللہ گلپایگانی حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے قرآنی مقام، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے آپ کی محبت اور فضائل کو اجاگر کرنے پر زور دیتے تھے۔
انہوں نے حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی قبر مبارک کے مخفی رہنے کو شیعہ مظلومیت اور حقانیت کی ایک اہم دلیل قرار دیا اور جنت البقیع کی تعمیرِ نو کے نام پر آپ سلام اللہ علیہا کی قبر کی تعیین کی تجویز کی مخالفت کی۔ انہوں نے معاشرے میں مجالسِ عزاء کے فروغ، فضائلِ فاطمی کے بیان، خواتین کے لیے حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت کو نمونۂ عمل بنانے، حجاب و عفت کی پاسداری اور دینی و اخلاقی تربیت پر بھی خصوصی تاکید کی۔
آیت اللہ میرزا جواد تبریزی؛ مظلومیتِ فاطمہ سلام اللہ علیہا کا دفاع
آیت اللہ العظمیٰ میرزا جواد تبریزی حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مصائب سن کر شدت سے گریہ کرتے تھے۔ وہ ہر سال ایامِ فاطمیہ میں ماتمی دستے کے ہمراہ، تحت الحنک ڈال کر، پیدل حرم حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کی جانب جاتے تھے۔
ان کے فرزند کے مطابق، ایک مرتبہ شدید گرمی میں وہ ننگے پاؤں عزاداری کے لیے روانہ ہوئے۔ جب انہیں گرمی کی شدت کے باعث جوتے پہننے کا مشورہ دیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مصائب کے مقابلے میں یہ تکلیف کچھ بھی نہیں۔
وہ مجالسِ عزاء کے انعقاد اور حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومیت کو زندہ رکھنے کے لیے مسلسل لوگوں کو ترغیب دیتے تھے۔

آیت اللہ فاضل لنکرانی؛ عزاداری ظلم کے خلاف سب سے بڑی آواز ہے
آیت اللہ العظمیٰ محمد فاضل لنکرانی پانچ دہائیوں سے زائد عرصے تک اپنے گھر میں مجالسِ عزاء منعقد کرتے رہے۔ وہ ایامِ فاطمیہ میں وسیع پیمانے پر مجالس کے انعقاد اور عاشورائے حسینی کی طرح حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت پر عزاداری کرنے کی تاکید کرتے تھے۔
ان کے نزدیک مجالسِ عزاء صرف گریہ و ماتم کا نام نہیں بلکہ یہ ظالموں کے خلاف ایک مؤثر آواز اور حقیقی اسلام کی ترویج کا ذریعہ ہیں۔
انہوں نے عاشورائے فاطمی کے عنوان سے عوامی سطح پر ماتمی جلوسوں اور عزاداری کے انعقاد پر زور دیا اور کہا کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے فضائل، خطبۂ فدکیہ، سیرت اور ولایت کے دفاع میں آپ سلام اللہ علیہا کے کردار کو معاشرے کے سامنے بیان کرنا ضروری ہے۔

آیت اللہ صافی گلپایگانی؛ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کا منفرد مقام
آیت اللہ العظمیٰ صافی گلپایگانی نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو تمام اہلِ بیت علیہم السلام کے درمیان ایک ممتاز مقام کا حامل قرار دیا اور آپ سلام اللہ علیہا کی شخصیت کو ائمہ معصومین علیہم السلام کے لیے بھی حجت و دلیل قرار دیا۔
انہوں نے حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے خطبۂ فدکیہ کو آپ کا عظیم علمی و معنوی معجزہ قرار دیتے ہوئے اس کے توحید، نبوت، امامت اور معاشرتی ذمہ داریوں سے متعلق مضامین کی اہمیت اجاگر کی۔
ان کے مطابق ایامِ فاطمیہ تاریخِ حق و باطل، ظالموں کے خلاف صدائے احتجاج اور امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی عالمی حکومت کی یاد دہانی کا عنوان ہیں۔

انہوں نے ان ایام کو معارفِ اہلِ بیت علیہم السلام کے فروغ، بدعتوں اور جہالت کے خاتمے، دینی بیداری اور حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور کی دعا کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا۔
قابل ذکر ہے کہ مراجعِ عظام کی یہ سیرت واضح کرتی ہے کہ ایامِ فاطمیہ کا حقیقی پیغام حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی معرفت، ولایت سے وابستگی، ظلم و انحراف کے خلاف استقامت اور ان کی تعلیمات کو عملی زندگی میں اپنانا ہے۔










آپ کا تبصرہ